The Day the Pressure Cooker Exploded at My In-Laws!

نکمی بھابھی کا وہم یا باجی کی غلطی؟ ککر دھماکے کی داستان


 تقریباً دو سال پہلے کی بات ہے، میں سسرال گئی ہوئی تھی۔ ویسے تو وہاں کچن کی ساری ذمہ داری زیادہ تر میری جٹھانی ہی سنبھالتی ہیں، اور ہم لوگ تو مہمانوں کی طرح کبھی کبھار ہی جاتے ہیں ۔۔


اتفاق سے اُس دن وہ گھر پہ نہیں تھیں۔ میری بڑی نند بھی آئی ہوئی تھیں بچوں سمیت، تو رات دیر تک گپیں، ہنسی مذاق اور جاگنا چلتا رہا۔





صبح سب دیر سے اٹھنے والے تھے، لیکن میری نند جلدی اٹھ گئیں۔ انہوں نے سوچا ناشتے کے لیے پائے بنا لیتے ہیں۔ اب گاؤں کے گھروں والے کچن تو آپ جانتے ہی ہیں… 

ایک اندر باقاعدہ سیٹ اپ ہوتا ہے اور ایک باہر صحن کی طرف، چھوٹی سی دیوار کے ساتھ سسٹم بنا ہوتاہے جہاں مٹی کے چولہے چھوٹی سی تندوری وغیرہ ہوتی ہے تو یہاں اس سیٹ اپ میں گیس والے چولہے کی سیٹنگ بھی ہوئی ہوئی ہے۔ 


انہوں نے بڑے اعتماد سے پائے ڈالے، مصالحے ڈالے، ککر بند کیا اور باہر والے چولہے پر چڑھا دیا۔ پھر خود اندر والے کچن میں لکڑیوں کی آگ پر روٹیاں بنانے لگ گئیں۔


اتنی دیر میں میری آنکھ کھل گئی۔ میں بھی فوراً مدد کروانے چلی گئی۔ جیسے ہی میں کچن کے پاس پہنچی مجھے ککر کی آواز تھوڑی عجیب لگی۔ نارمل “سسسسسس”😆 والی آواز نہیں تھی۔ 


میں نے فوراً کہاکہ 


“باجی مجھے لگ رہا ہے یہ ٹھیک سے بند نہیں ہوا… کہیں پھٹ نہ جائے۔”


میری نند نے میرا اس بات پہ مذاق اڑایا کہ مجھے اتنا ٹائم ہوگیا ہے چولہا چوکا سنبھالے وغیرہ(نکمی بھابھیاں😂)


اب میں بھی دو تین منٹ وہیں بیٹھ گئی۔ سردیوں کی صبح، لکڑیوں کی آگ، اور ایک طرف وہ مشکوک آوازیں نکالتا ککر۔ میری جان پہ بنی ہوئی۔۔


پھر انہوں نے میرا دھیان بھٹکانے کے لیے مجھے

ساتھ والے کمرے سے فریج میں رکھا دودھ والا برتن لاکر دینے کو کہا۔


اب مجھے اُس ککر والے چولہے کے بالکل سامنے سے گزر کے جانا تھا۔


قسم سے…

میں جیسے ہی کچن کے دروازے سے نکلی، ککر کراس کیا اور کمرے کے دروازے پر پیر رکھا…


دھمااااااکہ!!! 💥


اور اُس کے بعد

مکمل خاموشی…


حسب عادت کوئی چیز اچانک زور سے ہو ، میری آنکھیں فوراً بند اور کانوں پہ ہاتھ۔ دو لمحے بعد جب میں نے آنکھیں کھولیں


یا اللہ۔ 😳


ککر کہیں دور صحن میں پڑا تھا۔

ڈھکن کہیں اور۔

پائے اپنی آزادی منا رہے تھے۔

اور پوری دیوار پر سالن کے مصالحے، ٹماٹر، مرچیں اور وہ پایوں والا لیسدار شوربہ ایسے چپکا ہوا تھا جیسے کسی نے modern art بنا دی ہو۔ 😂🤣


صبح سویرے کا وقت…

دھماکہ سنتے ہی آس پاس کمروں میں سوئے ہوئے سارے لوگ گھبرا کر صحن میں نکل آئے۔


پھر اگلے لمحے سے پہلے صفائیاں شروع😆

میں اور میرے جیٹھ کی بیٹیاں۔۔ دیواریں اور فرش دھوتے ہوئے

چوری چوری ایک دوسرے کی شکلیں دیکھیں ۔

ہنسی ناقابل کنٹرول۔۔

لیکن باجی (نند) کا رعب ایسا کہ توبہ توبہ ہنسے تو سمجھو ان کی بے ادبی کردی😵‍💫


لیکن اس واقعے نے دو لوگوں پر بہت گہرا اثر چھوڑا۔


پہلا اثر میری نند پر پڑا…

کیونکہ ککر میری جٹھانی کے جہیز کا تھا۔ 😬

وہ منہ پہ تو کچھ نہیں کہتی تھیں… مگر جب بھی ککر دیکھتیں تو پھر واقعہ یاد آجاتا، ایک لمبی ٹھنڈی آہ ضرور بھرتیں۔ اور باتوں باتوں میں میرے ابا نے میرا یہ برتن وہاں سے خریدا تھا اتنے میں خریدا تھا۔۔

اور باجی وہاں سے نیویں نیویں ہو کے نکل جاتیں😝


اور دوسرا اثر مجھ پر پڑا۔


آج تقریباً دو سال ہونے کو ہیں…

اور میں ابھی تک پریشر ککر پورے اعتماد سے نہیں لگا سکتی۔ 😭


میں پریشر لگا کے کچن بند کرتی ہوں اور خود باہر آ جاتی ہوں۔

جب تک ککر چلتا رہتا ہے، میری ہمت نہیں ہوتی اندر جانے کی۔ 😭


آپ کے سامنے کبھی پریشر ککر پھٹا ہے؟

Post a Comment

0 Comments